جالندھر، 22/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پنجاب کانگریس کے سربراہ کیپٹن امریندر سنگھ نے اتوار کو بجلی کے ٹیکس میں 10فیصد کی کمی کرتے ہوئے، بجلی کو پنجاب بھر میں مناسب قیمت پر مہیا کرانے سمیت پٹرول اور ایل پی جی کو سستا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن امریندرسنگھ نے کہا کہ پارٹی کے انتخابی منشور میں اسٹیٹ ٹرانسپورٹ بسوں میں سینئر سٹیزن اورطلباکومفت سفر کی سہولت مہیا کروانا بھی شامل کیا جائے گا۔اس کے علاوہ، سابق فوجی، پولیس اورنیم فوجی دستوں کے جوان بھی سرکاری بسوں میں مفت سفر کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔کیپٹن امریندر نے ان اعلانات کے تناظر میں کہا کہ کانگریس کاانتخابی منشور پنجاب کی آبادی کے ہر طبقے کے مسائل کا حل نکالتے ہوئے ایک وسیع دستاویزات ہونے کے باوجود، پارٹی حلقوں میں اس میں کچھ اور عوامی فلاح وبہبود سے متعلق اقدامات شامل کرنے کی اہم ضرورت سمجھی جا رہی تھی۔اسی سلسلہ میں انہوں نے پٹرول اور ایل پی جی کی قیمتوں کو چندی گڑھ اور پڑوسی ریاستوں کے مساوی لانے سے متعلق وعدے پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پٹرول پر ٹیکس کو مناسب شرح پر لاتے ہوئے اسے دوسروں کے برابر لایا جائے گا۔اس سے پٹرول کی قیمتوں میں 3روپے فی لیٹر کمی لانے میں مدد ملے گی۔اسی قدم کے ذریعے ایل پی جی کی قیمتوں میں 15روپے فی سلنڈر کٹوتی جائے گا۔